لکھنؤ15 مارچ( آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز )سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادونے میڈیاسے دوسری بار بات کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ جیت بہت بڑی ہے۔ اپنے بیان سے اکھلیش نے 2019 کے انتخابات کے تعلق سے کچھ ایسے اشارے دیے جس سے بی جے پی کا پریشان ہونا لازمی ہے۔ بی ایس پی سربراہ مایاوتی پر انہوں نے کہا کہ لوگ پرانی باتیں یاد دلا رہے ہیں لیکن کبھی کبھی پرانی باتیں بھولنی پڑتی ہیں۔
2019 میں بی ایس پی ہی نہیں کانگریس کو لے کر انہوں نے کہاکہ راہل گاندھی کی مبارکباد آئی ہے اور میں نے بھی اس کے لئے شکریہ کہا ہے۔اکھلیش یادونے یہ بھی اطلاع دی کہ اس جیت کو لے کر ملائم سنگھ نے بھی انہیں مبارک باد دی ہے ۔ یاد رہے کہ اس سیٹ پر پہلی بار سماجوادی پارٹی کا کھاتہ کھلا ہے اور اس تاریخی جیت کو لے کر اکھلیش نے کہا کہ یہ دلتوں اور پسماندہ طبقات کی جیت ہے.
انہوں نے گورکھپور لوک سبھا سیٹ پر جیت دلانے والے امیدوار کے بارے میں کہاکہ باپ اپنے آپ کو بیٹے میں دیکھتا ہے ،جو باپ پورا نہیں کر پائے اسے لے کر امید کرتا ہے کہ بیٹا وہ پورا کرے گا، پروین کمار نشاد انجینئر ہیں. انہوں نے گورکھپور میں پہیہ ہی گھمادیا ہے ۔یہ قابل ہیں ایوان میں گورکھپور کے مسائل کو بلند کریں گے ۔ گزشتہ سال اگست میں یوگی آدتیہ ناتھ کی سیٹ رہی گورکھپور میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے درجنوں بچوں کو اپنی جان گنوانی پڑی تھی۔ اس طرف اشارہ کرتے ہوئے اکھلیش نے کہاکہ وہ مائیں جنہوں نے اپنے لال کو کھویا ہے نشاد ان کی آواز اٹھائیں گے۔ وہیں اکھلیش نے بی جے پی کے انتخابات نشان پر چٹکی لیتے ہوئے کہا کہ پھول پور لوک سبھا سیٹ پر کمل مرجھا گیا۔ انہوں نے وہاں کے عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔بی جے پی پر نشانہ لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے جو جواب دیا ہے اب لوگوں کی زبان بدل جائے گی۔ پارٹی کا حوصلہ بڑھانے والے بیان میں انہوں نے کہا کہ نوجوانوں نے زیادہ کام کیا ہے۔ نوجوانوں سے کہوں گا کی ان کو اپنی نسل بدلنی ہے اور اس کے لئے کام کرنا پڑے گا۔ خواتین کو بھی کام کرنا پڑے گا کیونکہ یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے ان سے پنشن چھینی ہے، ہم اقتدار میں لوٹیں گے تو پنشن بحال کریں گے۔جیت کے بعد بھی انہوں نے ای وی ایم کو لے کر اپنے سر نہیں بدلے، انہوں نے کہا کہ اگر ای وی ایم مشینیں صحیح ہوتیں تو سماجوادی پارٹی اور مزید بڑے فرق سے جیت جاتی۔ہم سماجوادی لوگ سب کا احترام کرتے ہیں۔ اتحاد کے سوالات پر وہ بچتے نظر آئے اور کہا کہ مستقبل کے بارے میں کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا۔ ہمارے کانگریس کے ساتھ اچھے تعلقات رہیں گے۔